سڈنی،7اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آسٹریلوی کرکٹر سٹیو اوکیفی پر ایک کرکٹ تقریب کے دوران نشے کی حالت میں نازیبا تبصرے کے لئے 20000 آسٹریلین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے حالیہ دورۂ ہند میں اچھی کارکردگی کرنے والے اوکیفی کو اس سال آسٹریلوی ایک روزہ گھریلو مقابلے میں حصہ لینے سے بھی منع کر دیا گیا ہے۔ یہ مجموعی طور پر ایسا دوسرا موقع ہے، جب یہ 32 سالہ کھلاڑی شراب کی لت کی وجہ سے پریشانی میں پھنسا ہے۔ اس سے پہلے گزشتہ سال انہیں سڈنی کے ایک ہوٹل میں غلط برتاؤ کرنے کے لئے جرمانہ بھرنا پڑا تھا۔
اس معاملے پر کرکٹ آسٹریلیا کے جنرل مینیجر (ٹیم کارکردگی) پیٹ ہاورڈ نے کہاکہ آسٹریلوی کرکٹ میں ہمارے کسی بھی کھلاڑی کے ناقابل قبول رویے کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے اور ہمارا اس معاملے میں صفر رواداری کا رویہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم واقعی اس واقعہ سے مایوس ہیں اور یہ اسٹیفن کے حالیہ دورۂ ہند میں میدانی کارکردگی پر بھاری پڑا ہے۔ آسٹریلیا کے لئے اب تک آٹھ ٹیسٹ میچوں میں 27.30 کے اوسط سے 33 وکٹ لینے والے اوکیفی نے اپنی غلطی مانتے ہوئے کہا کہانہیں سزا قبول ہے اور وہ اس کے لئے خاص مشورے سے گزریں گے۔